مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی، ایران نے اسرائیل پر 100 بیلسٹک اور ہائپرسونک میزائل داغنے کا دعویٰ کیا ہے جس کی تصدیق اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے بھی کر دی ہے۔
آئی ڈی ایف کے مطابق یہ بیلسٹک میزائل ایران کی سرزمین سے فائر کیے گئے جنہیں اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی دفاعی نظام نے ٹریک کرنا شروع کر دیا۔
فضائی دفاعی یونٹس میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں جبکہ سائرن کسی بھی وقت بجنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
میزائل حملے کے بعد اسرائیلی حکام نے ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو فوری طور پر بم شیلٹرز یا قریبی محفوظ مقامات میں جانے کی ہدایت دی ہے، شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے احکامات تک پناہ گاہوں میں ہی رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ اور پیوٹن کا رابطہ، مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو
اسرائیلی سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔