ایران کا جوابی حملہ، حیفا اور شکلون میں اسرائیلی اہداف تباہ

ایران کا جوابی حملہ، حیفا اور شکلون میں اسرائیلی اہداف تباہ

ایران نے اسرائیل پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حیفہ، شکلون اور دیگر حساس علاقوں میں اہم فوجی و اقتصادی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حیفہ کی آئل ریفائنری میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، شکلون اور اوروٹ پاور پلانٹس کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس کے ڈرونز اور بیلسٹک میزائل اسرائیلی دفاعی نظام کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے اور کئی اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیل کی جنگی کابینہ نے ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہیں اور اگلے احکامات تک ان سے دور نہ جائیں۔

اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ نے ایران سے مزید میزائل حملوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ابتدائی وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی کارروائی کے جواب میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے یمن میں فضائی حملے شروع کر دیے ہیں جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث جنگی صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔

ایرانی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ شب اسرائیلی فضائیہ کے 70 طیاروں نے تہران کے اوپر دو گھنٹوں تک پروازیں کیں اور 40 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوجی ترجمان نے بھی اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اہم ایرانی تنصیبات کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے اسرائیل پر 40 بیلسٹک میزائل داغ دیے

غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اسرائیل سے داغے گئے کچھ میزائل اردن کی فضائی حدود میں روکے جا رہے ہیں جس سے جنگ کا دائرہ پڑوسی ممالک تک پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

Scroll to Top