گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، خیبر پختونخوا میں موسم بدلنے کو تیار

گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، خیبر پختونخوا میں موسم بدلنے کو تیار

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں گرج چمک، آندھی، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ بعض جنوبی اور میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ اس دوران چند مقامات پر آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں کمزور انفرااسٹرکچر، بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں، اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اس لیے مقامی انتظامیہ اور شہریوں کو حفاظتی تدابیر اپنانے کی تاکید کی گئی ہے۔

دوسری جانب صوبے کے جنوبی اضلاع اور میدانی علاقوں میں موسم بدستور شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ موسمی تبدیلیاں مون سون کی آمد سے قبل معمول کا حصہ ہیں، تاہم شہریوں کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنا اور احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top