ایک طرف تپتی دھوپ شہریوں کو جھلسا رہی ہے تو دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوات کے مختلف علاقوں، خصوصاً مینگورہ، مالم جبہ اور کالام میں طوفانی بارش نے ہر منظر کو جل تھل کر دیا۔ موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے جبکہ سرد ہواؤں نے گرمی کے زور کو توڑ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری اور آندھی بھی متوقع ہے۔
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز بارش کا امکان موجود ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات بھی نظر انداز نہیں کیے جا سکتے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے اور سفر سے قبل موسم کی صورتحال جاننے کا مشورہ دیا ہے۔





