خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے جرمانے بڑھانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ فنانس بل میں متعدد تجاویز پیش کی گئی ہیں جن کا مقصد سڑکوں پر قانون شکنی کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، فنانس بل میں تین پہیوں والی گاڑیوں خصوصاً چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے لیے علیحدہ جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔ ان گاڑیوں پر ٹریفک چالان کی حد 200 روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے تک کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق، اگر چنگ چی یا لوڈر رکشہ روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی کرے گا تو پہلی بار 5 ہزار روپے کا جرمانہ عائد ہوگا، اور خلاف ورزی دہرانے پر ڈبل جرمانہ کیا جائے گا۔
مزید برآں، جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر گاڑی چلانے والوں کے لیے 5 سے 10 ہزار روپے تک جرمانے کی سفارش کی گئی ہے۔ کم عمر ڈرائیورز پر بھی سختی برتی جائے گی۔ 18 سال سے کم عمر افراد کو موٹر سائیکل چلانے پر 3 ہزار اور گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا اور ٹریفک حادثات میں کمی لانا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قوانین کی پابندی کریں تاکہ خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھ سکیں۔