ایبٹ آباد: ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) شاہ رخ علی نے گلیات تا باڑیاں روڈ پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل انجینئر ارسلان شوکت اور دیگر فیلڈ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران شاہ رخ علی نے سڑک کی تعمیر، سائیڈ والز کی مضبوطی اور خوبصورتی کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹر ٹیکنیکل کو ہدایت دی کہ تعمیراتی عمل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ سیاحوں اور مقامی عوام کو جلد از جلد بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈی جی جی ڈی اے نے سڑک کے کناروں پر رنگ و روغن اور دیگر تزئینی اقدامات کی بھی ہدایت دی، تاکہ سڑک نہ صرف مضبوط ہو بلکہ گلیات کی قدرتی خوبصورتی بھی اجاگر ہو۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں پھنسے 150 پاکستانی خصوصی پرواز میں اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئے
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ علی نے کہا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیاحتی مقامات کی ترقی، سڑکوں کی بہتری اور جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو معیاری اور پائیدار سہولیات کی فراہمی جی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔