محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے کچھ بالائی اضلاع میں شام اور رات کے وقت بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور ایبٹ آباد میں شام اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش متوقع ہے، جس سے ان علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شدید گرمی کا راج برقرار رہے گا۔ اس کے علاوہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران موسم مجموعی طور پر گرم اور خشک رہے گا، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، دھوپ میں جاتے وقت سر کو ڈھانپیں، اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔





