علاج مکمل، شاہ محمود قریشی کو دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا

علاج مکمل، شاہ محمود قریشی کو دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں علاج مکمل ہونے کے بعد ایک بار پھر کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کر دیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کو سینے میں تکلیف کے باعث 17 مئی کو پی آئی سی کی ایمرجنسی منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ تقریباً آٹھ روز زیر علاج رہے۔ طبی ماہرین کی اجازت کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

جیل منتقلی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ’’جن لوگوں نے میرے لیے دعائیں کیں، ان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بھارت کو جواب دینے پر پاک فوج اور بالخصوص ایئر فورس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔‘‘

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ’’یہ وطن ہمارا ہے، چاہے جیل میں رہوں یا آزاد، اس مٹی سے محبت میری پہچان ہے۔‘‘

یاد رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب شاہ محمود قریشی کو پی آئی سی میں علاج کے بعد کوٹ لکھپت جیل واپس منتقل کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ان کی صحت اب بہتر ہے، اور تمام ضروری طبی مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔

Scroll to Top