مہمند: مہمند ڈیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے جائنٹ وزٹ اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز، ضلعی پولیس افسران، عسکری اور واپڈا حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ڈیم کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینا اور آئندہ کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔
ڈپٹی کمشنر مہمند یاسر حسن، ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان، ڈی پی او مہمند اکرام اللہ (PSP)، ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر، ڈی ایس پی اسپیشل برانچ، ڈی ایس پی مہمند ڈیم جاوید خان، بریگیڈیئر راضی خان، جنرل منیجر واپڈا حسن راؤف، اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمند اور دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران مہمند ڈیم کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے، بین الاضلاعی روابط کو مضبوط کرنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں اہم شخصیات کے نشانہ بننے کے پیچھے بھارتی خفیہ نیٹ ورک ملوث تھا، ظاہر شاہ شیرازی
ڈی پی او مہمند اکرام اللہ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مہمند ڈیم ایک قومی اہمیت کا حامل حساس منصوبہ ہے جس کی سیکیورٹی تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اداروں کے مابین ہم آہنگی اور مؤثر رابطوں کو سیکیورٹی کے لیے کلیدی قرار دیا۔
اجلاس میں تمام شرکاء نے سیکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔