ناران کے قریب سہنی آبشار کے مقام پر گلیشیئر گرنے کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت تین سیاح جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سیر و تفریح کیلئے آنے والے سیاح گلیشئر والی سوہنی آبشار کے قریب فوٹو سیشن کروارہے تھے کہ اچانک گلیشئر نیچے دب گیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ طاہر، 13 سالہ ابو بکر، اور 22 سالہ طیب شامل ہیں۔جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جن میں باپ بیٹا اور ایک کزن شامل ہیں ۔
خیبرپختونخوا کے مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی،جاں بحق افراد کی میتوں کو ناران سے لاہور منتقل کرنے کے انتظامات جاری ہیں۔
مشیر سیاحت نے خیبرپختونخواہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) اور ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کو سراہا جنہوں نے ریسکیو آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا۔
واقعے کے بعد سیاحوں کو غیر محفوظ اور غیر مستحکم علاقوں سے گریز کرنے اور خطرناک حالات میں سیلفیاں لینے سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے لئے عمر کی بالائی حدمیں نرمی سے متعلق اہم ترمیم
حکومت نے مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچاؤ کے لیے سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی پروٹوکول کا ازسرِ نو جائزہ لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔





