ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، مختلف شہروں میں چینی فی کلو 195 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق اسلام آباد میں چینی 195 روپے فی کلو،راولپنڈی، کراچی اور پشاور میں چینی فی کلو 190 روپے میں دستیاب ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں چینی 186، خضدار میں 185 روپے اور سیالکوٹ میں 185 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
اس کے علاوہ حیدر آباد، بہاولپور، ملتان اور بنوں میں چینی 180 اورسکھر اور لاڑکانہ میں چینی کی قیمت 175 روپے ریکارڈ کی گئی۔
چینی کی اس غیر معمولی مہنگائی پر حکومتی اقدامات تاحال موثر ثابت نہیں ہو سکے۔ وزارت فوڈ سیکیورٹی کے مطابق چینی کی قیمتوں میں توازن لانے کے لیے حکومت نے ساڑھے سات لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن خام چینی درآمد کی منظوری کابینہ دے گی جبکہ 5 لاکھ میٹرک ٹن ریفائنڈ چینی کی درآمد کی اصولی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ کبھی بحال نہیں ہوگا، بھارت
حکام کا کہنا ہے کہ جولائی تا مئی کے دوران حکومت 7 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کر چکی ہےجس سے 112 ارب روپے سے زائد آمدن ہوئی۔ تاہم برآمدات میں 2200 فیصد اضافہ چینی کی مقامی قلت اور مہنگائی کا باعث بن رہا ہے۔





