پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے جاندار بیٹر محمد شہزاد نےپریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ 1کے تیسرے راؤنڈ میں محض 49 گیندوں پر دھواں دار سنچری جڑ کر کسی بھی پاکستانی بیٹر کی جانب سے تیز ترین فرسٹ کلاس سنچری بنانے کا نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کنگز مین اکیڈمی کے خلاف میچ کے دوران محمد شہزاد نے جارحانہ بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی اس تاریخی اننگز میں 12 دلکش چوکے اور 8 بلند و بالا چھکے لگائے۔
اس شاندار اننگز کے ساتھ ہی محمد شہزاد نے سابق قومی کپتان مصباح الحق کا 10 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ مصباح الحق نے سال 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 56 گیندوں پر تیز ترین سنچری اسکور کی تھی جو اس سے قبل کسی بھی پاکستانی بلے باز کی تیز ترین فرسٹ کلاس سنچری شمار ہوتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: ورسک روڈ پر سی ٹی ڈی کا آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک، اہلکار شہید
واضح رہے کہ اس لسٹ میں تیسرے نمبر پر فاسٹ بولر حسن علی ہیں جنہوں نے سال 2021 میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے خلاف 58 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔





