باجوڑ: ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (HQ) خار ڈاکٹر صادق علی کی قیادت میں ایک مشترکہ ٹیم نے شیخ کلی اور تحصیل خار میں کام کرنے والے سٹون کرشنگ پلانٹس کا معائنہ کیا ہے۔
معائنے میں محکمہ انڈسٹریز باجوڑ، AAC Khar-1 کلیم جان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ یہ آپریشن خیبرپختونخوا پاور کرشرز ایکٹ 2020 کے تحت ماحولیات، حفاظتی معیار اور لائسنسنگ کی قانونی ضروریات کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔
معائنہ کے بعد بلا اجازت کام کرنے والے 18 کرش پلانٹس میں سے 5 پلانٹس کو سیل کر دیا گیا۔ سیل شدہ یونٹس کے مالکان اور منیجرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکام کے سامنے پیش ہوں اور یکمشت قانونی لائسنسنگ اور ماحولیاتی معیار کی پابندی کریں۔
یہ بھی پڑھیں : آئی جی خیبرپختونخوا کا ناران اور بابوسر ٹاپ کا دورہ، سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کی ہدایات جاری
ڈپٹی کمشنر نے وضاحت کی کہ اس کریک ڈاؤن کا مقصد علاقے میں کرش پلانٹس کی نگرانی، قانون کی پابندی اور شہریوں کی صحت و ماحول کا تحفظ ہے۔
ڈپٹی کمشنرکا کہنا تھا کہ اقدامات جاری رہیں گے تاکہ غیر قانونی اور ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔





