مانسہرہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے گلگت بلتستان کی سرحد پر واقع سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ اور ناران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس پوسٹس، چیک پوائنٹس، اور انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللّٰہ گنڈا پور بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے ناران سے بابوسر ٹاپ تک قائم پولیس چوکیات، کیمپس، داخلی و خارجی راستوں، اور حساس مقامات پر پولیس کی تعیناتی اور دستیاب وسائل کا معائنہ کیا۔
انہوں نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت دی کہ سیاحوں، خصوصاً غیر ملکی زائرین کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون پر مبنی رویہ اپنایا جائے تاکہ ان کے لیے محفوظ اور خوشگوار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
آئی جی پی نے کہا کہ گرم موسم میں ناران اور بابوسر ٹاپ جیسے مقامات پر سیاحوں کی بڑی تعداد آتی ہے، جنہیں سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ سہولیات کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے ڈی پی او مانسہرہ کو ہدایت دی کہ چلاس کے ڈی پی او کے ساتھ مل کر سرحدی علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ٹیمیں قائم کی جائیں اور انفارمیشن شیئرنگ کا موثر نظام بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ: دریائے سندھ میں غیرقانونی سونے کی تلاش، 10 افراد گرفتار
ذوالفقار حمید نے پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بٹہ کنڈی، جلکھڈ، گٹی داس، بڑوائی اور بیسر چوکیات میں نئی عمارات کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ اہلکاروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں اور سیاحتی مقامات کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہو۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور ٹورازم سیزن کے دوران سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے گی۔





