صدر اور وزیراعظم کا سوات میں سیلابی ریلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

دریائے سوات میں آنے والے سیلابی ریلے سے متعدد سیاحوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے پر صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان اور گورنر خیبرپختونخوا نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی، انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، وزیراعظم نے لاپتہ افراد کی جلد تلاش کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب حفاظتی انتظامات کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سوات واقعے پر رپورٹ طلب کر لی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اُنہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور وہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

Scroll to Top