خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہندوستان ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سر پرست ہندوستان ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہندوستان ہے، دہشت گردی درحقیقت ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جو اس کی اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ اور ظالمانہ رویوں کا نتیجہ ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور کامیابی کے لیے عوام، حکومت اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلق ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا پاکستان کی انتظامیہ اور سول بیوروکریسی کو ریاست کی تمام اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے نبھانا ضروری ہے۔

سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے لائن آف کنٹرول سے لے کر ساحل سمندر تک ہندوستان کی بلا جواز جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہماری حقانیت کی بنیاد پر مدد دی ہے۔

فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ افواج پاکستان ہر وقت جدید جنگی تقاضوں کے مطابق خود کو تیار رکھتی ہیں اور پاکستان نے نہ کبھی ہندوستان کی اجارہ داری قبول کی ہے اور نہ ہی کبھی کرے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان کو برادر اسلامی ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن افغانستان کو چاہیے کہ وہ ہندوستان کی دہشت گردی کی پروکسیز فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج  کو اپنے ملک میں جگہ نہ دے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنی انفرادی اور علاقائی شناخت سے بڑھ کر پاکستانیت کو اپنائیں اور کہا کہ ہر نظام میں مسائل ہوتے ہیں مگر ان کو نظام پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ جو اقوام اپنی تاریخ کو بھول جاتی ہیں ان کا مستقبل تاریک ہو جاتا ہے،  پاکستان کی کہانی اور تاریخ کو جانیں اور اسے اگلی نسلوں تک پہنچائیں، ملک سے محبت اور وفاداری اولین شرط ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شفاف، باصلاحیت اور خدمت گزار بیوروکریسی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران کو کہا کہ اپنے اندر جرات، قابلیت اور کردار پیدا کریں اور اگر کردار میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ہو تو کردار کو ہمیشہ فوقیت دیں۔

Scroll to Top