بلوچستان ،زلزلے سے موسیٰ خیل لرزاُٹھا، شدت 5.5، کئی گھر منہدم، امدادی کارروائیاں جاری

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور اس کے گردونواح میں ہفتے کے روز 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مکانات کو نقصان پہنچا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 اور گہرائی 28 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کا مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکوں کا دورانیہ چند سیکنڈز رہا، مگر اس کے اثرات نمایاں تھے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں موسیٰ خیل میں 2 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے، جبکہ 3 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ مکانات گرنے کے نتیجے میں 3 مقامی افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

پی ڈی ایم اے (صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے ترجمان کے مطابق زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں نقصان کا تخمینہ لگا رہی ہیں، جبکہ ابتدائی ریلیف کے طور پر خیمے اور ضروری امدادی سامان متاثرہ گھروں کو بھجوا دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق، صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہ کر متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top