وزیراعظم کی چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں کیساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت

وزیراعظم کی چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں کیساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور موجودہ موسمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری بارشوں اور ممکنہ متاثرہ علاقوں کی صورتِ حال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بالخصوص بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو یہ بھی ہدایت کی کہ موسمی پیش گوئیوں اور ممکنہ خطرات سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں موبائل فون پیغامات کے ذریعے پیشگی اطلاع کا مؤثر نظام فوری طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں اور مقامی حکومتوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے تاکہ جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔

این ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ملک بھر میں موسمی حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top