پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت اور ٹیک ڈپلومیسی کی نئی راہ اپنا لی

پاکستان ڈیجیٹل معیشت اور ٹیک ڈپلومیسی کے نئے دور میں داخل

پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت اور ٹیک ڈپلومیسی کے ایک نئے اور انقلابی دور میں قدم رکھ دیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب کی قیادت میں پاکستان کرپٹو کونسل نے امریکا میں اہم ملاقاتوں کے ذریعے کرپٹو سفارت کاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

بلال بن ثاقب نے امریکی دورے کے دوران بین الاقوامی سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی ماہرین اور بلاک چین صنعت سے وابستہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن کا مقصد پاکستان کو ڈیجیٹل دنیا میں ایک فعال کھلاڑی کے طور پر متعارف کروانا تھا۔

ان ملاقاتوں کے نتیجے میں پاکستان کرپٹو کونسل نے ایک سٹریٹجک بِٹ کوائن ریزرو کے قیام کا اعلان کیا ہے جسے ملکی معیشت کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

حکومت پاکستان نے بلاک چین اور بِٹ کوائن مائننگ کے لیے 2000 میگاواٹ بجلی مختص کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جو کہ نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے بلکہ معاشی خود کفالت کی جانب بڑھنے کا عملی ثبوت ہے۔

پاکستان نے معروف امریکی کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ شراکت داری کا بھی اعلان کیا ہے جو امریکی سرمایہ کاری کو پاکستان کی جانب راغب کرنے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

اس اقدام سے پاکستان میں ویب تھری، بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کریپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان اسٹریٹجک معاہدہ طے

بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان اب امداد پر نہیں بلکہ اختراع اور ڈیجیٹل قابلیت پر مبنی عالمی تعلقات استوار کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے انقلابی اقدامات پاکستان کو نہ صرف ڈیجیٹل سفارت کاری بلکہ اختراعی معیشت کی جانب لے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top