علی امین گنڈاپور کا وزیراعلیٰ رہنا اب معجزہ ہوگا، فواد چودھری

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اب کوئی معجزہ ہی علی امین گنڈا پور کو وزارتِ اعلیٰ پر برقرار رکھ سکتا ہے۔

فواد چودھری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو حادثے کی وجہ سے نہیں بلکہ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت گورننس کسی کی ترجیح نہیں ہر کوئی اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہے جبکہ عوام مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں آکسیجن ختم ہو رہی ہے عوام ریلیف سے محروم ہیں اور حکومتیں کسی بھی بحران پر مؤثر ردعمل دینے کے قابل نہیں رہیں۔

سابق وفاقی وزیر کہا کہ تنقید مکمل طور پر درست ہے اور اس پر کوئی دو رائے نہیں ہو سکتیں، جب تک صوبے اپنی ذمہ داری نہیں لیں گے مرکز سے کسی بہتری کی امید رکھنا بے معنی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ وہ صرف بانی پی ٹی آئی کو جوابدہ ہیں جیسے رویے پارٹی کی جڑیں کمزور کر رہے ہیں، ان کے بقول، قیادت میں سنجیدگی نہ ہو تو جماعت کا نظم و ضبط ختم ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ سیاحوں کے قاتل ہیں، فوری ایف آئی آر درج کی جائے، اپوزیشن لیڈر

فواد چودھری نے مزید کہا کہ عوام نے علی امین گنڈاپور کو صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ووٹ دیا تھا لیکن وہ اس مقصد میں بھی ناکام رہے ہیں۔

Scroll to Top