مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا اہم اجلاس آج متوقع ہے، جس میں فیصلے پر عمل درآمد کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس کے بعد امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کا اجرا بھی آج ہی متوقع ہے۔
اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر کریں گے، جبکہ تمام ممبران، قانونی ماہرین اور مشاورتی ٹیم اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ کے بحال شدہ فیصلے کو بھی زیرِ غور لایا جائے گا تاکہ تمام قانونی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم اجلاس میں سپریم کورٹ کے 12 جون کے فیصلے کی روشنی میں سنی اتحاد کونسل کی حیثیت اور مستقبل کے قانونی امکانات پر بھی غور کرے گی۔
ماہرین کے مطابق، اگر تمام قانونی نکات پر اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو الیکشن کمیشن آج ہی مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفیکیشن جاری کر سکتا ہے، جس کے بعد پارلیمانی سطح پر جماعتوں کی عددی حیثیت میں تبدیلی کا امکان ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے عملی نفاذ سے پارلیمانی توازن، اپوزیشن کی طاقت اور قانون سازی کے عمل پر واضح اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔





