پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے باجوڑ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
آئی جی نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو خصوصی ٹیم باجوڑ بھیجنے اور واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فتنہ الخوارج نے اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں اور جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
بی ڈی (بم ڈسپوزل) ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں، جو دھماکے کی نوعیت سے متعلق معلومات حاصل کر رہی ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ ملک اور خصوصاً خیبرپختونخوا کے امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سیاحت کی وزارت وزیر اعلیٰ کے پاس ہے، ان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی
واضح رہے کہ باجوڑ دھماکے میں اب تک 5 افراد شہید اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور سیکیورٹی ادارے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کر رہے ہیں۔





