پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری موسلا دھار بارشوں نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ نوشہرہ، صوابی، شانگلہ اور ہری پور میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
نوشہرہ کے علاقوں امان گڑھ، لیبر کالونی، حافظ آباد اور مثال آباد میں نالوں کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔ نوشہرہ کلاں میں بھی ندی نالوں کی طغیانی سے شدید متاثرہ علاقوں کی اطلاعات ہیں۔
شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہو گئے، جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور شہری رات بھر اندھیرے میں رہے۔ ہری پور اور گردونواح میں بارش سے اگرچہ موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم مرکزی شاہراہیں اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جو جھیل کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ دھماکے پر رپورٹ طلب، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیز کی جائیں، آئی جی خیبرپختونخوا
صوبے کے دیگر میدانی علاقوں میں بھی مطلع ابر آلود ہے، اور محکمہ موسمیات نے مزید ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔





