پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، اور 11 نشستوں پر انتخاب جولائی کے وسط میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات گزشتہ 16 ماہ سے التوا کا شکار تھے۔ اب ان انتخابات کے انعقاد سے سینیٹ میں عددی توازن میں ممکنہ تبدیلی کی امید کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ میں حکمران اتحاد کو دو تہائی اکثریت کے لیے 65 نشستوں کا میجک نمبر درکار ہے، جبکہ اس وقت حکمران اتحاد کے پاس 59 سینیٹرز اور اپوزیشن کے پاس 26 سینیٹرز موجود ہیں۔
خیبرپختونخوا کی 145 رکنی اسمبلی 11 سینیٹرز کا انتخاب کرے گی، جہاں ایک امیدوار کی کامیابی کے لیے کم از کم 13 ووٹ درکار ہوں گے۔ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے حامی اراکین کی تعداد 93 ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس 52 ارکان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد زیر غور نہیں، رانا ثنا اللہ
واضح رہے کہ ایوان بالا (سینیٹ) کی کل نشستوں کی تعداد 96 ہے، جن میں سے ہر صوبے سے مخصوص تعداد میں سینیٹرز منتخب ہوتے ہیں۔ جولائی کے وسط میں متوقع یہ انتخاب سینیٹ کے مستقبل کے سیاسی نقشے پر اہم اثر ڈال سکتا ہے۔





