ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد پہلی بار منظر عام پر آ گئے۔ انہوں نے تہران میں شب عاشور کے موقع پر منعقدہ مجلس عزا میں شرکت کی، جس میں ہزاروں عزاداروں نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی مجلس میں شرکت کو ان کی صحت اور قیادت کے حوالے سے پھیلنے والی قیاس آرائیوں کا جواب قرار دیا جا رہا ہے، جو اسرائیل کے مبینہ حملے اور ایران کی جوابی کارروائی کے بعد شدت اختیار کر گئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق، شب عاشور کی مجلس میں شرکت کے دوران آیت اللہ خامنہ ای روایتی انداز میں سیاہ لباس میں ملبوس نظر آئے۔ ان کے خطاب سے قبل اور بعد میں عزاداروں نے فلک شگاف نعرے لگا کر ان سے عقیدت کا اظہار کیا۔





