کسی جماعت یا سیاسی گروہ کو جڑواں شہروں کے 58 لاکھ شہریوں کی زندگیاں تہہ و بالا کرنے کا اختیار نہیں، سینئر صحافی مرتضیٰ سولنگی

سینئر صحافی اور سابق نگراں وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی آبادی کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جڑواں شہروں کی مجموعی آبادی تقریباً 58 لاکھ ہے، جو دنیا کے کئی ممالک کی کل آبادی سے بھی زیادہ ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ایکس) پر اپنے پیغام میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد شہر کی آبادی 12 لاکھ کے قریب ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت کے مکمل زیر نگرانی کل آبادی تقریباً 24 لاکھ بنتی ہے۔ اسی طرح جڑواں شہر راولپنڈی کی آبادی 34 لاکھ کے قریب ہے جس کے بعد دونوں شہروں کی مشترکہ آبادی 58 لاکھ تک جا پہنچتی ہے۔

سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ ان دونوں شہروں میں صرف اشرافیہ رہائش پذیر نہیں ہے بلکہ یہاں کی اکثریت غریب، دہاڑی دار اور محنت کش طبقات پر مشتمل ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی سیاسی جماعت یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ اپنے مقاصد کے لیے ان لاکھوں شہریوں کی روزمرہ زندگی کو تہہ و بالا کرے۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ جو بھی کسی سیاسی آدرش یا نعرے کے نام پر ان شہروں کے عوام کی معمول کی زندگی کو تاراج کرنے کی کوشش کرے گا، وہ یہاں کے شہریوں کی مستقل دشمنی مول لے گا۔ دوسری جانب جو فرد، گروہ یا سیاسی جماعت جڑواں شہروں کے باسیوں کے بنیادی حقوق بشمول حقِ روزگار، تعلیم، صحت اور آزادانہ نقل و حرکت کے لیے آواز اٹھائے گی، وہی عوام کے دلوں میں جگہ بنائے گی۔

Scroll to Top