خیبرپختونخوا کی تحصیل غازی کے دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں ہونے والی شدید لینڈ سلائیڈنگ نے عوام کو مشکلات کے سمندر میں دھکیل دیا۔ متعدد اہم سڑکیں مکمل طور پر بند ہو گئی ہیں، جس کے باعث درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں گزشتہ 36 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود سڑکیں بحال نہیں کی جا سکیں۔
تفصیلات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے بیٹ گلی روڈ، دیوی روڈ، پلیاں روڈ، کنیرڑی روڈ اور مکر روڈ مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں۔ سڑکوں کی بندش کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جن میں روزمرہ کی آمد و رفت، اشیائے خورونوش کی ترسیل اور طبی سہولیات تک رسائی شامل ہیں۔
نجی ٹی وی چینل (آج)کے مطابق دور دراز اور دشوار گزار پہاڑی راستے امدادی کارروائیوں میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، جبکہ بھاری مشینری کی عدم دستیابی کے باعث مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے اور سڑکیں کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
متاثرہ دیہات کے مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی گھنٹوں سے محصور ہیں، اور اگر جلد اقدامات نہ کیے گئے تو اشیائے خورونوش اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے۔ بزرگ، خواتین اور بچے سبھی مشکلات سے دوچار ہیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کریں، بھاری مشینری فراہم کریں اور سڑکوں کو بحال کر کے علاقے کو باقی دنیا سے دوبارہ جوڑنے کے لیے اقدامات کریں۔





