اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں سال 14 اگست کو یوم آزادی معرکۂ حق کے عنوان سے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بات کا اعلان وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس کے بعد کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں آئی ایس پی آر، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ، اور قومی ورثہ و ثقافت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یوم آزادی 2025 کومعرکۂ حق کے تھیم کے تحت منایا جائے گا، جس کا مقصد قوم کے پختہ عزم، ایمان، قربانی اور وطن سے وابستگی کو اجاگر کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا”خیبر پاس” ڈیجیٹل شناختی نظام کا اجراء
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر قومی تقریبات، تقاریر، اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ عوام کو اپنی تاریخ، قربانیوں اور اتحاد کا احساس دلایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تھیم معرکۂ حق کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی ڈاکیومنٹریز، نمائشیں، اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں پاکستان کے دفاع، ترقی اور نظریاتی اساس کو اجاگر کیا جائے گا۔





