حج 2026: رجسٹریشن کا آج آخری دن، دو لاکھ سے زائد عازمین نے اندراج کرا لیا

حج 2026 کے لیے لازمی رجسٹریشن کا آج آخری دن ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک دو لاکھ سے زائد عازمینِ حج رجسٹریشن مکمل کرا چکے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (ہم)کے مطابق حکومت کی جانب سے عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے گھر بیٹھے بغیر کسی فیس کے آن لائن رجسٹریشن کا نظام متعارف کرایا گیا تھا، جس سے ہزاروں شہریوں نے فائدہ اٹھایا۔

وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ صرف وہی افراد حج کے لیے اہل تصور کیے جائیں گے، جنہوں نے آج تک رجسٹریشن مکمل کر لی ہو گی۔ رجسٹریشن کے بعد عازمین کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ سرکاری یا نجی حج اسکیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔

حکام کے مطابق حج کے اخراجات، شرائط اور دیگر تفصیلات حج پالیسی 2026 کے مطابق بعد میں جاری کی جائیں گی۔ یہ رجسٹریشن سعودی حکومت کی ہدایت پر کی جا رہی ہے تاکہ بروقت کوٹہ مختص کیا جا سکے۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جیسے ہی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو گا، تمام اعداد و شمار سعودی حکام کو ارسال کیے جائیں گے، جس کی بنیاد پر پاکستان کے لیے حج کوٹہ کا تعین کیا جائے گا۔

وزارت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top