بھارت پر واضح کردیا پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ ہوگا، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی کو روکنے کی کوشش کو اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا۔

کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں جو اقدامات کیے پاکستان نے ان کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

انہون نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے جواب میں پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کو بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، بھارت پاکستان کے پانی کا رخ نہ موڑ سکتا ہے اور نہ ہی اسے روک سکتا ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے پر بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے حالانکہ ہم نے غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اس بار بھارت کا بیانیہ دنیا میں تسلیم نہیں کیا گیا اور ہم نے اسے ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے جن میں چار رافیل طیارے شامل تھے، وہی طیارے جن کے بارے میں مودی نے کہا تھا کہ اگر ہوتے تو نتیجہ مختلف ہوتا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت مضبوط ہے اور ہمارا میزائل پروگرام ملک کی ڈھال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں سے پوری قوت سے نمٹیں گے، بے گناہوں کے خون کا بدلہ لیا جائے گا، وزیراعظم

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان دو سال کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صدر منتخب ہو چکا ہے، جو ملک کی سفارتی کامیابی ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اب روایتی نہیں بلکہ اقتصادی سفارت کاری کو ترجیح دے رہا ہے اور معاشی معاملات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔

Scroll to Top