لکی مروت:خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں واقع تھانا گمبیلا پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق تھانے کے قریب دہشت گردوں کی مشتبہ نقل و حرکت کو دیکھتے ہی جوانوں نے فوری طور پر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
خوش قسمتی سے پولیس کی نفری مکمل طور پر محفوظ رہی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر آر پی او بنوں ریجن سجاد خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس فورس دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پہلے سے الرٹ اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، اور ایسے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔





