تیاری کرلیں! آج سے بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی، کب تک جاری رہیں گی؟جانئے

تیاری کرلیں! آج سے بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی، کب تک جاری رہیں گی؟جانئے

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارشوں، گرج چمک اور تیز آندھیوں کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جو 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 16 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مری، اٹک، چکوال اور گوجرانوالہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (آج)کے مطابق لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ خطہ پوٹھوہار اور خیبرپختونخوا میں شام کے وقت تیز آندھی اور طوفانی بارشوں سے کمزور انفرااسٹرکچر اور کچے مکانات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے وہاں سفر کرنے والے شہریوں کو خاص احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

بلوچستان کے اضلاع بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل اور سبی جبکہ سندھ کے شمالی شہروں سکھر، شکارپور، کشمور اور لاڑکانہ میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث درختوں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور شہری دفاع کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں، اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔

Scroll to Top