پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی عدالتی پیشیوں سے نجات حاصل کر لیں گی۔ یہ بات انہوں نے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہی۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کیمطابق تھانہ صادق آباد میں درج ہنگامہ آرائی کیس میں عبوری ضمانت کی سماعت کے دوران علیمہ خان انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں پیش ہوئیں۔ عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کی عبوری ضمانت میں 30 جولائی تک توسیع کر دی۔
دوران سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمے کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ریکارڈ ہر صورت پیش کرنے کی ہدایت دی۔
پیشی کے بعد صحافی نے سوال کیا کہ’’آپ کبھی اڈیالہ اور کبھی عدالت میں ہوتی ہیں، اس سلسلے سے کب جان چھوٹے گی؟‘‘جس پر علیمہ خان نے پر اعتماد لہجے میں جواب دیا’’بہت جلد عدالتی پیشیوں سے جان چھڑوا لیں گے۔‘‘
علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ سیاسی احتجاج کے دوران مبینہ ہنگامہ آرائی سے متعلق ہے، جس کی قانونی کارروائی انسداد دہشت گردی عدالت میں جاری ہے۔





