نیویارک :نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
اس اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں جاری انسانی بحران پر عالمی برادری کی بروقت اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
عاصم افتخار نے غزہ کے عام شہریوں کی شدید مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی کمی بہت سنگین صورت اختیار کر چکی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فوری طور پر انسانی امداد کی رسائی ممکن بنائی جائے، خوراک اور ادویات کی مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اور فلسطینی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔
پاکستانی مندوب نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا کا شام کی سرحدوں سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا مطالبہ
انہوں نے اقوام متحدہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی ریسکیو کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے، انسانی حقوق کی بحالی عمل میں لائے، اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ٹھوس اور نتیجہ خیز کردار ادا کرے۔





