پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی قیادت 5 اگست تک تحریک کو اس کے عروج پر لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ کارکن آپس کے اختلافات کو ختم کریں اور تمام تر توجہ ان کی رہائی اور تحریک کے اہداف پر مرکوز رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں عمران خان سے جیل میں روا رکھے گئے ناروا سلوک کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ پارٹی قائد تک فوری طور پر پارٹی رہنماؤں اور وکلا کو رسائی دی جائے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یہ وقت ذاتی مفادات سے بالا ہو کر جماعتی نظم و ضبط اور جدوجہد کو ترجیح دینے کا ہے۔ ’’ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ 5 اگست تک پارٹی کی تحریک کو اس کے پیک پر لے جائیں، تاکہ ہم اپنے قائد کی رہائی اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کی جدوجہد میں کامیاب ہوں۔
دوسری جانب، تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا یہ اقدام عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ہے، جس کے خلاف پی ٹی آئی ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔





