شدید بارش کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر، کئی پروازوں کی متبادل شہروں میں لینڈنگ

شدید بارش کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر، کئی پروازوں کی متبادل شہروں میں لینڈنگ

وفاقی دارالحکومت میں جاری شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کئی بین الاقوامی پروازوں کو متبادل شہروں میں لینڈ کروایا گیا جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی سے اسلام آباد آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز FZ-353 کو خراب موسم کے باعث سیالکوٹ موڑ دیا گیا۔ اسی طرح قومی ایئرلائن (PIA) کی العین سے اسلام آباد آنے والی پرواز کو بھی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ )کیمطابق ادھر ریاض سے اسلام آباد آنے والی ایک نجی ایئر لائن کی پرواز کو بھی موسم کی خرابی کے باعث فیصل آباد میں لینڈ کروایا گیا۔

شدید بارشوں کے سبب اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی کئی بین الاقوامی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے، جن میں لندن، دبئی، دوحا، باکو اور مسقط جانے والی پروازیں شامل ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد سے ریاض، ابوظبی، استنبول، کویت اور کراچی کی پروازیں بھی وقت پر روانہ نہ ہو سکیں اور تاخیر کا شکار ہیں۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن کی بحالی کا انحصار موسم کی بہتری پر ہے، اور مسافروں کو پروازوں کے نئے شیڈول سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر ایوی ایشن حکام نے ہنگامی اقدامات کے لیے ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے۔

Scroll to Top