سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 40,000 پوائنٹس سے تجاوز کر گیا۔
کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جہاں ہنڈرڈ انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
جمعے کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال دکھائی دیا جس کے باعث مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا۔
ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 1434 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 1,40,122 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کا ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 40,000 سے زائد پوائنٹس کی حد عبور کر گیا ہے جو ملکی معیشت میں بہتری کی ایک مثبت علامت تصور کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلویز نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کر دیا
گزشتہ کاروباری روز کو بھی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی جب انڈیکس 2285 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پہلی بار 1,38,665 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔





