پشاور: خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتظامی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے 8 پولنگ افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ افسران سینیٹ الیکشن کے دن پولنگ کے انتظامات کی نگرانی کریں گے اور انتخابی عمل کو شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرائیں گے۔
تعیناتی کا فیصلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے طے کردہ ضابطہ کار کے مطابق کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، خیبرپختونخوا اسمبلی کی دو مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کاامن و امان کی صورتحال پر اگلے ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ
خواتین کی مخصوص نشست پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی شاہدہ وحید کامیاب قرار پائیں جبکہ اقلیتی نشست پر جمعیت علماء اسلام (ف) کے گرپال سنگھ کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔





