برطانیہ میں منعقد دنیا کے مشہور ایئرشو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں پاک فضائیہ(پی اے ایف) نے عالمی سطح پر ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو اہم بین الاقوامی ٹرافیاں اپنے نام کر لیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس عالمی فضائی شو میں دنیا کی کئی معروف فضائی افواج نے شرکت کی تاہم پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور جدید طیاروں نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے اس اعزاز پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پرچم بلند رکھنا ہمیشہ سے پاک فضائیہ کی پہچان رہی ہے، ان ایوارڈز کا حصول ہماری پیشہ ورانہ قابلیت، تکنیکی مہارت اور مسلسل محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس ایونٹ میں پاک فضائیہ کے جدید ترین جنگی طیارے JF-17 تھنڈر بلاک تھری نے پہلی بارشرکت کی جس نے اپنی نمایاں کارکردگی اور جدید صلاحیتوں کی بنیاد پر “Spirit of the Meet” ٹرافی حاصل کی۔ یہ ایوارڈ اس طیارے کو دیا جاتا ہے جو ایئر شو کے جذبے، جوش اور معیار کا بہترین عکاس ہو۔
اس کے علاوہ، پاک فضائیہ کے سی 130ایچ ہرکولیس طیارے نے بھی بین الاقوامی سطح پر داد سمیٹی، جسے کنکورز ڈی الیگینس ٹرافی سے نوازا گیا۔ اس طیارے کو خصوصی آرٹ ورک اور تھیم “Eyes in the Skies” کے تحت تیار کیا گیا تھا اور یہ خوبصورتی، دیکھ بھال اور پیشکش کے لحاظ سے شو کا بہترین طیارہ قرار پایا۔
یہ بھی پڑھیں : اے این پی سینیٹ گٹھ جوڑ کا حصہ نہیں، پختونخوا میں امن اولین ترجیح ہے،نثار باز
یاد رہے کہ پاک فضائیہ اس سے قبل بھی 2006، 2016 اور 2018 میں ایئر ٹیٹو میں مختلف اعزازات جیت چکی ہے۔اس سال کی کامیابی نہ صرف پاک فضائیہ کی عالمی سطح پر اعلیٰ ساکھ کو مزید مستحکم کرتی ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے فخر کا باعث بھی ہے۔





