بنوں میں بکا خیل تھانے پر درجن سے زائد دہشت گردوں کا بھاری ہتھیاروں سے حملہ

خیبر پختونخوا پولیس نے بنوں کے علاقے بکا خیل میں تھانے پر ہونے والا دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا۔

پولیس کے مطابق حملہ رات گئے کیا گیا جس میں 13 سے 15 کے قریب بھاری اسلحہ سے لیس دہشت گردوں نے بکا خیل تھانے پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

تھانے میں موجود پولیس اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کیا اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے باعث حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ایس ایچ او خالد خان اور ان کی ٹیم نے حملے کے دوران جرأت مندانہ مزاحمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کوئی نقصان پہنچانے کا موقع نہ دیا۔

انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے بکا خیل تھانے کے پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر وقت چوکس ہے اور دہشت گردوں کو بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں تخریب کاری کی کوشش ناکام، مشکوک بیگ سے دو ہینڈ گرنیڈ برآمد

گزشتہ روز بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بنوں کے علاقے غوریوالہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ممکنہ دہشت گردی کی کوشش ناکام بنائی۔

Scroll to Top