پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض امیدوار عرفان سلیم اور خاتون امیدوار عائشہ بانو نے سینیٹ انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد دستبردار ہونے والے امیدواروں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ خرم ذیشان اب واحد امیدوار رہ گئے ہیں جنہوں نے ابھی تک دستبرداری کا اعلان نہیں کیا۔
عرفان سلیم نے اپنے فیصلے کا اعلان ایک جذباتی بیان کے ساتھ کیا، جس میں انہوں نے کہا میں ٹوٹے ہوئے دل اور آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ کارکنان کی خاطر سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف الیکشن لڑنا نہیں تھا بلکہ قیادت کو یہ پیغام دینا تھا کہ ہم صرف قربانیاں دینے کے لیے نہیں ہیں، بلکہ ہماری آواز بھی سنی جائے۔ ہم کسی کے غلام نہیں۔
عرفان سلیم نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں خود عمران خان نے 2018 میں الیکشن لڑنے کی دعوت دی تھی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں عمران خان کا ہر فیصلہ منظور ہے، لیکن بیرسٹر سیف کے فیصلے قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے ایک اور ناراض امیدوار ارشاد حسین سینیٹ نامزدگی سے دستبردار
دوسری جانب پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار عائشہ بانو نے بھی الیکشن سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ان کی جانب سے تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض گروپ کی جانب سے سینیٹ انتخابات سے پیچھے ہٹنے کے فیصلے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور ٹکٹوں کی تقسیم پر عدم اطمینان کا اظہار ہے۔





