پی ٹی آئی گروپ بندی سے حکومت مشکلات کا شکار ہے، اکرم خان درانی

پی ٹی آئی گروپ بندی سے حکومت مشکلات کا شکار ہے، اکرم خان درانی

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات اور گروپ بندیوں کے باعث خیبرپختونخوا حکومت شدید بحران کا شکار ہے، جس کا خمیازہ پورے صوبے کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل(ایکسپریس نیوز)سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی نے انکشاف کیا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سینیٹ انتخابات کے حوالے سے فارمولا طے پا گیا تھا، لیکن پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی وجہ سے صورتحال پیچیدہ ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’جب بڑوں کی بات نہیں مانی جاتی تو ایسی ہی افراتفری جنم لیتی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جرگوں کی اب کوئی حیثیت نہیں رہی کیونکہ فیصلوں کا احترام نہیں کیا جاتا، اور موجودہ حکومت عملاً کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ جنوبی اضلاع میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے درانی نے کہا کہ ’’چار بجے کے بعد پولیس باہر نہیں نکلتی اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔‘‘

اکرم درانی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو عوام نے منتخب نہیں کیا بلکہ یہ مسلط کردہ حکومت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ناراض اراکین اسمبلی حلف نہ لیتے تو دوسرا کوئی راستہ ہی باقی نہ بچتا، ان کے لیے یہی بدلہ لینے کا موقع تھا۔

جے یو آئی رہنما نے خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں پیش آنے والے واقعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’کل ایک سیاسی ڈرامہ رچایا گیا اور آج پورا ملک خیبرپختونخوا کے اسپیکر پر ہنس رہا ہے۔ اسپیکر نے آئین و قانون کو پامال کر دیا۔‘‘

Scroll to Top