پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے طلب کردہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں اپوزیشن جماعتوں جمعیت علما اسلام (جے یو آئی )، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے پختون ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں تصدیق کی کہ اگر پی ٹی آئی بطور سیاسی جماعت کوئی اے پی سی بلاتی تو وہ اس میں شریک ہوتے لیکن حکومت کی طرف سے بلائی گئی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم عوامی جماعت ہیں اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عوامی خواہشات کے خلاف کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔
جے یو آئی کے ترجمان عبدالجلیل جان نے بھی کہا کہ ان کی جماعت تحریک انصاف کی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک نہیں ہوگی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ صوبے میں حکومت غیر سنجیدہ ہے اور یہ اے پی سی صرف دکھاوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو پہلے بھی امن و امان اور دیگر مسائل پر متعدد بار بات ہو چکی ہوتی، لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
محمد علی شاہ باچا کے مطابق صوبائی حکومت اپنے دھرنوں اور مظاہروں سے فارغ ہو کر عوامی مسائل پر توجہ دے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کل ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ،پیسکو پشاور کا پرانا لوڈ مینجمنٹ شیڈول برقرار رکھنے کیلئے چیف کو خط
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر 24 جولائی کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے تمام سیاسی جماعتوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو باضابطہ دعوت نامے ارسال کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہوگا،صوبے میں قیامِ امن سب کی مشترکہ ذمے داری ہے اور ہمیں اختلافات سے بالاتر ہوکر امن کے لیے اکٹھا ہونا ہوگا۔





