انسداد دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد نے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
قومی روزنامہ ’’جنگ‘‘کی ویب سائٹ کے مطابق یہ مقدمہ 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے سلسلے میں درج کیا گیا تھا، جس میں پارٹی کے رہنما عمر ایوب، سینیٹر اعظم سواتی اور دیگر کارکنان کو نامزد کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
سماعت کے دوران سینیٹر اعظم خان سواتی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ تاہم دیگر غیر حاضر ملزمان کے خلاف عدالت نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت 30 جولائی مقرر کرتے ہوئے تمام ملزمان کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلی پیشی پر ہر صورت میں عدالت میں پیش ہوں، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





