اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم عناصر کا انجام عبرتناک ہوگا۔
سردار ایاز صادق نے آپریشن کے دوران مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنے بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور استحکام کے لیے جان دینے والے جوان قوم کے اصل ہیرو ہیں، اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیاں ملک کی بقاء کی ضامن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں کوئی نیا آپریشن نہیں، نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری ہے ،طلال چوہدری
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ سردار ایاز صادق نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دشمن عناصر کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے، پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔





