وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ اس سال زائرین کو سڑک کے ذریعے ایران اور عراق جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ زیارتِ اربعین کے لیے زائرین صرف فضائی سفر کے ذریعے ایران و عراق جا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ زائرین کی سہولت کے لیے پروازوں کی تعداد میں فوری اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد محفوظ اور آسان طریقے سے زیارات پر جا سکیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ حکومت زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور ان کی سلامتی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔





