محکمہ لائیو سٹاک خیبرپختونخوا کی 80 سرکاری گاڑیاں غائب، آڈٹ رپورٹ میں انکشاف

محکمہ لائیو سٹاک خیبرپختونخوا کی 80 سرکاری گاڑیاں غائب، آڈٹ رپورٹ میں انکشاف

محکمہ لائیو سٹاک خیبر پختونخوا کی 80 سرکاری گاڑیوں کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، یہ انکشاف مالی سال 2023-24 کی آڈٹ رپورٹ میں سامنے آیا جس نے محکمے کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق سال 2007 سے 2021 کے دوران مختلف لائیو اسٹاک منصوبوں کے لیے 200 سے زائد گاڑیاں خریدی گئی تھیں، تاہم آڈٹ رپورٹ کے دوران 80 گاڑیوں کا کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا جا سکا۔

محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ کے مطابق یہ 80 سے زائد گاڑیاں تاحال ڈی جی لائیو سٹاک کے نام پر رجسٹرڈ ہیں لیکن یہ گاڑیاں فیلڈ دفاتر یا کسی بھی سرکاری مقام پر موجود نہیں ہیں۔

آڈٹ رپورٹ میں محکمہ لائیو سٹاک کو غائب گاڑیوں کا سراغ لگانے کی سفارش کی گئی ہے، اس سلسلے میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک فضل حکیم کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی بازیابی کے لیے لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ سیکرٹری لائیو اسٹاک کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں چینی کی سب سے بڑی تھوک منڈی سے چینی غائب، نیا بحران سر اٹھانے لگا

صوبائی وزیر فضل حکیم  نے کہا کہ اگر کسی کو قصوروار ٹھہرایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Scroll to Top