خیبرپختونخوا، پرانی گاڑیاں ناکارہ؟ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی چیئرمینوں کیلئے لگژری گاڑیاں خریدنے کی تیاری

خیبرپختونخوا، پرانی گاڑیاں ناکارہ؟ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی چیئرمینوں کیلئے لگژری گاڑیاں خریدنے کی تیاری

خیبرپختونخوا حکومت نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی (ڈی ڈی اے سی) کے چیئرمینوں کے لیے نئی لگژری گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 403 ملین روپے کی لاگت سے 26 فور بائے فور گاڑیاں خریدی جائیں گی۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ گاڑیاں صوبے کے 13 اضلاع کے چیئرمینوں کو فراہم کی جائیں گی، جن میں بونیر، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، مانسہرہ سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ یہ ہے کہ متعدد چیئرمینوں کے زیرِ استعمال گاڑیاں اپنی سروس میعاد مکمل کر چکی ہیں اور کئی جگہوں پر ناکارہ ہو چکی ہیں۔

حکومتی مؤقف کے مطابق 2014 کے بعد سے کسی بھی چیئرمین کے لیے نئی گاڑیاں نہیں خریدی گئیں، اس لیے اب نئی گاڑیوں کی خریداری ناگزیر ہے۔

تاہم، اس فیصلے پر کئی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ صوبہ شدید مالی مشکلات اور بنیادی سہولیات کے بحران سے دوچار ہے، ایسے میں لگژری گاڑیوں کی خریداری عوامی فلاح کے بجائے نمائشی اخراجات کا تاثر دیتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس منصوبے کی منظوری مراحل میں ہے اور امکان ہے کہ جلد ٹینڈر جاری کیے جائیں گے۔

یہ واضح نہیں کہ اپوزیشن یا سول سوسائٹی کی جانب سے اس منصوبے کے خلاف کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے آئے گا یا نہیں، تاہم مبصرین اس معاملے کو ترجیحات کے تعین کا امتحان قرار دے رہے ہیں۔

Scroll to Top