5 اگست سے قبل شیر افضل مروت کاپی ٹی آئی کارکنوں کے نام دوٹوک پیغام

5 اگست سے قبل شیر افضل مروت کاپی ٹی آئی کارکنوں کے نام دوٹوک پیغام

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے 5 اگست سے قبل پارٹی کارکنوں کے نام ایک دوٹوک پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے پارٹی کے اندرونی معاملات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کی تاریخ مؤخر کرنے اور قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی اخبار (روزنامہ پاکستان ویب سائٹ )کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا کہ علیمہ خان نے پارٹی کو ایک بار پھر 9 مئی جیسے حالات کی طرف دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن ان کے اور عوام کے درمیان کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

’’احتجاج کی تیاری کے لیے ایک ماہ درکار ہے‘‘
شیر افضل مروت نے واضح کیا کہ ملک بھر میں عوام کو متحرک کرنے کے لیے انہیں کم از کم ایک ماہ درکار ہے، لہٰذا احتجاج کی تاریخ آگے بڑھائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح 9 مئی کے بعد انہوں نے احتجاجی سرگرمیوں میں قیادت کا کردار ادا کیا، اسی جذبے سے کام کرنے کے لیے مناسب وقت اور سازگار ماحول ضروری ہے۔

پارٹی سے معافی اور قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ
رکن قومی اسمبلی نے اپنی پارٹی پر ناانصافی اور بےعزتی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت اُن سے معافی مانگے اور علیمہ خان، سلمان اکرم راجہ سمیت ’’سازشی گروہ‘‘کو فوری طور پر نکالا جائے۔

’’ناکامی کی صورت میں سیاست چھوڑ دوں گا‘‘
شیر افضل مروت نے کہا کہ ان کے مطالبات بلند اور واضح ہیں اور کارکنوں کو چاہیے کہ وہ قیادت پر دباؤ ڈالیں۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ اگر ان کی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ ہمیشہ کے لیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لیں گے۔

Scroll to Top