اسلام آباد اور راولپنڈی میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نےممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

دونوں شہروں میں ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیاں اور 4 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمی یا عوامی اجتماع پر سخت پابندی ہےاور خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری گرفتار کر لیا جائے گا۔

شہریوں کو قانون کی مکمل پاسداری کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی ممکنہ طور پر احتجاج کے خدشے کے باعث دفعہ 144لگانے کےاقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پابندی کا فیصلہ کیا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں دفعہ 144 کا نفاذ 10 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع، جلوس یا ریلی کی اجازت نہیں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع کرک میں زرعی تحقیقاتی اسٹیشن کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

Scroll to Top